ممبئی : دہلی پولیس نے للیتا ڈباس کی خود کشی کے معاملے میں اس کے شوہر اور
قومی سطح کے کبڈی کھلاڑی روہت کمار کو آج گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع نے
بتایا کہ دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے روہت کو ان کی بیوی کی خودکشی میں ملوث
ہونے کے شبہ میں ممبئی سے گرفتار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ روہت کے والد نے
مغربی دہلی کے نانگلوئی تھانے میں خودسپردگی کردی۔ انہیں آج عدالت میں
پیش کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ روہت اور ان
کے خاندان کے ارکان للیتا کی خود کشی کے بعد
سے ہی فرار تھے۔للیتا نے جب پھانسی لگا کر خود کشی کی، روہت ممبئی میں تھے
لیکن واقعہ کے بعد سے لاپتہ ہو گئے۔انہوں نے اپنا موبائل فون بھی بند کر
رکھا تھا۔ روہت اور ان کے خاندان کے ارکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
ہے۔پولیس نے للیتا کے خودکشی نامہ اور ڈھائی گھنٹے کے وائس میسج کی بنیاد
پر یہ کارروائی کی ہے جس میں اس نے اپنے سسرال والوں پر جہیز کے لئے ظلم و
ستم کا الزام لگایا ہے۔